تیسرے رہبر انقلاب کے تعین کے بارے میں مجلس خبرگان رہبری (ماہرین اسمبلی) کا اعلانیہ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
ایران اسلامی کی باوقار اور آزاد منش قوم! آپ پر خدا کا درود و سلام ہو
مجلس خبرگان رہبری (رہبر کا تعین کرنے والے ماہرین کی اسمبلی) قائد عظیم الشان حضرت آيت اللہ العظمیٰ امام خامنہ ای (قدس اللہ نفس الزکیہ)، دیگر شہدائے گرانقدر بالخصوص سینیئر کمانڈروں، مسلح فورسز کے جان ہتھیلی پر رکھ کر جنگ کرنے والوں اور میناب ضلع کے شجرۂ طیبہ اسکول کی اسٹوڈنٹس کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے اور مجرم امریکا اور خبیث صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے آپ کو اطلاع دیتی ہے کہ اس اسمبلی نے انقلاب کے دانشور اور حکیم رہبر کی شہادت کی خبر نشر ہوتے ہی جنگ کے سخت حالات، اس عوامی ادارے کے خلاف دشمنوں کی براہ راست دھمکیوں اور اس کے سیکریٹریٹ کے دفتروں پر بمباری کے باوجود، جس میں اس کے کئی کارکن اور سیکورٹی ٹیم کے کئی افراد شہید ہوئے، اسلامی نظام کے نئے رہبر کے انتخاب اور ان کے نام کے اعلان کے عمل میں ایک لمحے کی بھی تاخیر نہیں کی اور آئین اور مجلس خبرگان کے داخلی قوانین میں درج اپنی ذمہ داریوں کے تحت، ہنگامی اجلاس کے انعقاد اور نئے رہبر کے نام کے اعلان کے لیے ضروری تدابیر کو اپنے ایجنڈے میں شامل کیا۔ لہذا ملک کے مختلف مقامات پر موجود اس اسمبلی کے اراکین کے اجتماع کے لیے مناسب پروگرام تیار کیے گئے اور ضروری ہماہنگی عمل میں لائی گئی تاکہ آئين کی دفعہ 111 میں عارضی کونسل کی تشکیل پر مبنی عاقلانہ تدابیر کے باوجود، ملک میں قیادت کا خلا پیدا نہ ہو۔
مجلس خبرگان، حضرت ولی عصر عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی غیبت میں ولایت فقیہ کے اعلی مقام اور اسلامی جمہوری نظام میں قیادت کے مسئلے کی قدر کرتے ہوئے، 47 سال سے جاری حکیمانہ اور عزت، خود مختاری اور طاقت کے اصول پر مبنی امام خمینی اور امام خامنہ ای کی قیادت کی قدردانی کرتی ہے اور ان الہی اور عوامی رہبروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اعلان کرتی ہے کہ اس کونسل نے گہرے اور ہمہ گیر جائزے اور آئین کی دفعہ 108 کی گنجائش سے استفادے کے بعد اپنے شرعی فریضے اور خداوند متعال کو حاضر و ناظر جان کر ہنگامی اجلاس میں آج (8 مارچ) کو آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای (حفظہ اللہ) کو مجلس خبرگان کے محترم اراکین کی اکثریتی آراء سے ایران کے مقدس اسلامی جمہوری نظام کے تیسرے رہبر کی حیثیت سے معین کیا ہے اور ان کے نام کا اعلان کرتی ہے۔
آخر میں آئين کی دفعہ 111 کی عارضی کونسل کے اراکین کی قدردانی کرتے ہوئے ایران کی عزیز قوم خاص طور پر غیر معمولی صلاحیت کے حامل افراد، یونیورسٹیوں اور اعلی دینی تعلیمی مراکز کے اساتذہ کو رہبر سے بیعت اور ولایت کے محور پر یکجہتی کی حفاظت کی دعوت دیتی ہے اور اس ملک اور عظیم عوام پر خداوند عالم کا لطف و کرم جاری رہنے کی دعا کرتی ہے۔
مجلس خبرگان رہبری
8 مارچ 2026
Mar. 8, 2026

